اسلام ٹائمز۔ جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے جامعہ العروۃ الوثقی کے زیرِانتظام ’’وحدتِ امت ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ ریلی جامعہ عروۃ الوثقیٰ سے شروع ہوئی اور قینچی سٹاپ والٹن فیروز پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ وحدتِ امت ریلی میں بِلا تفریقِ مسلک و مذہب ہزاروں افراد نے شرکت کی اور رسول اللہ ؐ سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریکِ بیداری امتِ مصطفیؐ علامہ سید جواد نقوی نے تمام عالمِ اسلام کو روزِعید میلاد النبیؐ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ پیغمبر اعظم ﷺ کی ولادت ان برکتوں کا نقطئہ آغاز ہے، جو اللہ نے بشریت کیلئے مقدر فرمائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن آپ ﷺ کے سامنے سب سے بہترین ہدیہ یہ ہوگا کہ امت مسلمہ کا ہر طبقہ، خواہ وہ شیعہ ہو، سنی ہو، دیوبندی، اہلحدیث یا مشائخ، سب ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر عہد کریں کہ یا رسول اللہ! ہم آپ کی امت ہیں اور آپ کی خاطر اپنی باہمی دشمنیوں کو دفن کر چکے ہیں۔ علامہ سید جواد نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ تفرقہ کسی کا مذہب نہیں بلکہ ایک کاروبار ہے، تفرقے کی بات کرنا یا تفرقہ پھیلانے والوں کی حمایت کرنا امت اور اسلام کیساتھ کھلی دشمنی ہے، مذہب کے نام پر فرقہ واریت ایک سنگین جرم ہے، امت مسلمہ کی بقاء کی بنیاد توحید اور قرآن کے محور پر اتحاد میں ہے، جبکہ طاغوتی اور استعماری طاقتوں کی بقاء بشریت کے درمیان تفرقے اور جدائی پر منحصر ہے۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔