سید عباس عراقچی سے عراق کی قومی سلامتی کے مشیر کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آج دوپہر کو عراق کی قومی سلامتی کے مشیر "قاسم الاعرجی" تہران پہنچے جہاں انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایران کی وزارت خارجہ کی عمارت میں انجام پائی۔ قاسم الاعرجی اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق آئندہ صبح ایرانی قومی سلامتی کے سربراہ "علی اکبر احمدیان" سے ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قاسم الاعرجی نے بغداد میں تعینات ایرانی ملٹری اتاشی جنرل "مجید قلی پور" سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات بغداد ہی میں قاسم الاعرجی کے دفتر میں انجام پائی۔ اس موقع پر قاسم الاعرجی نے اپنی فضائی حدود سے ایران یا کسی بھی علاقائی ملک کے خلاف جارحیت کی شدید مخالفت کی۔ اس کے علاوہ دونوں فریقین نے دوطرفہ سلامتی و استحکام کو مضبوط بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے مشترکہ سرحد کی سکیورٹی کے لئے مفاہمتی یادداشتوں کو فعال بنانے اور اسمگلنگ و دہشت گردی کو کنٹرول کرنے پر زور دیا۔