اسلام ٹائمز۔ جشن عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، توپوں کی سلامی کا اہتمام لاہور کے محفوظ شہید گریژن میں کیا گیا۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی پیش کی، جس کے بعد فضاء تکبیر کے نعروں سے گونج اُٹھی۔ شہر میں دن بھر مختلف مکاتب فکر کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جبکہ جگہ جگہ وسیع لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔