اسلام ٹائمز۔ لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے آج دوپہر اعلان کیا ہے کہ اس نے غیرقانونی و سفاک صیہونی رژیم کے انسانیت سوز حملوں کے جواب میں غاصب صیہونی رژیم کی ایک اہم ملٹری بیس کو دسیوں کاتیوشا راکٹوں کے ساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں لبنانی مزاحمتی تحریک کا کہنا تھا کہ اس مزاحمتی کارروائی میں مقبوضہ فلسطین کے شمال مشرق میں واقع قابض اسرائیلی فوج کی اہم ملٹری بیس نیمرا کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
حزب اللہ نے نشاندہی کی کہ یہ آپریشن غزہ کے مظلوم عوام و فلسطینی مزاحمت کی حمایت اور لبنانی سرزمین پر ہونے والے غاصب صیہونی رژیم کے حملوں کے جواب میں انجام پایا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ لبنان سے فائر کردہ درجنوں تباہ کن راکٹ مقبوضہ فلسطین کے شمال مشرق میں آ گرے ہیں جس سے وسیع علاقے میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ علاوہ ازیں صیہونی میڈیا نے اس حملے میں متعدد غیرقانونی یہودی آبادکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی دی تھی۔