0
Wednesday 27 Sep 2023 10:10

پاسبان حریت کے زیر اہتمام مظفرآباد میں بھارت مخالف احتجاجی دھرنا

پاسبان حریت کے زیر اہتمام مظفرآباد میں بھارت مخالف احتجاجی دھرنا
اسلام ٹائمز۔ پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام مظفر آباد میں ایک بھارت مخالف احتجاجی دھرنا دیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ مظفر آباد میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنے اور ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں شامل شہریوں نے سیاہ جھنڈے لہرائے اور انہوں نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے اور مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کو اس کے جنگی جرائم پر جواب دہ ٹھہرانے کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے "قاتل قاتل مودی قاتل” "ٹیرریسٹ ٹیررسٹ انڈیا ٹیرریسٹ” اور "ویک اپ ویک اپ یو این ویک اپ” جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔

احتجاجی دھرنے کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حریت رہنما مشتاق السلام، شوکت جاوید میر، عثمان علی ہاشم، شہباز احمد، عظمت حیات کشمیری، ریاض اعوان، اقبال یاسین اعوان، محمد اسحاق شاہین، چوہدری محمد مشتاق، خواجہ محمد صادق، اسلم اعوان، فیصل فاروق اور محمد فیاض خان نے کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشتگردی پھیلانے والا ایک بڑا ملک بن گیا ہے جو اپنے مخالفین کیخلاف منظم طور پر دہشتگردی کو استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی زیرقیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت جنوبی ایشیا اور دنیا بھر میں بدامنی، دہشتگردی اور عدم استحکام پیدا کر رہی ہے۔

مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل عام، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جنوبی ایشیاء میں جنگی ماحول بھڑکانے میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی، اجیت دووال، راج ناتھ سنگھ اور امیت شاہ دہشت گرد خفیہ ایجنسی را کے ذریعے آزاد کشمیر، پاکستان، کینیڈا اور دیگر ملکوں میں اپنے سیاسی مخالفین کو قتل کروانے میں ملوث ہیں۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ اور دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنی زمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ممبر ممالک، او آئی سی اور یورپی یونین سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں عالمی ادارے کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1084250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش