اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے بانڈی پورہ فوجی کیمپ میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے اپنے ساتھیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان اہلکاروں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جب کہ ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی کیمپ میں فائرنگ کی آواز سے افسران اور اہلکار بدحواس ہوکر بھاگنے لگے۔ انھوں نے سمجھا کہ شاید باہر سے کسی نے حملہ کردیا ہے تاہم جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو دو اہلکاروں کو خون میں لت پت پایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں اہلکاروں پر فائرنگ بھی ان کے ساتھی اہلکار نے کی تھی اور آلۂ قتل بھی سرکاری رائفل ہے۔
فائرنگ کرنے والے اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا تاہم واقعے میں ہلاک، زخمی اور گرفتار ہونے اہلکاروں میں سے کسی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر کی مودی نواز پولیس نے خفگی مٹانے کے لیے اسے حادثاتی واقعہ قرار دے کر معاملے کو چھپانے کی ناکام کوشش کی اور میڈیا کو بتایا کہ اہلکار سے اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی فوجی کیمپ میں ذہنی دباؤ اور غصے کے باعث اہلکاروں کی آپس میں جھگڑے اور فائرنگ کے واقعات عام ہیں، رواں برس کے آغاز میں ایسے ہی ایک واقعے میں 4 اہلکار مارے گئے تھے۔