0
Monday 19 Aug 2013 22:10
5 سال میں لوڈشیڈنگ کے بحران پر قابو پالیں گے

دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتا ہوں خواہ مذاکرات کی میز پر ہو یا ریاستی طاقت کے استعمال سے، نواز شریف

دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتا ہوں خواہ مذاکرات کی میز پر ہو یا ریاستی طاقت کے استعمال سے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ، توانائی بحران کا حل اور ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا ارادہ ہے، گڈانی میں چھ ہزار چھ سو میگا واٹ بجلی کی پیدوار کے منصوبے کی خوشخبری دیں گے، عوام کی دُعاوٴں سے لوڈشیڈنگ کے بحران پر 5 سال میں قابو پالیں گے، دہشتگردی کی افسوناک صورتحال بھی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے، پاک فوج، پولیس، سکیورٹی ادارے اور شہریوں سمیت چالیس ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔ قوم سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے میدان غیر ملکی ٹیموں کے منتظر ہیں، فلک بوس پہاڑ کوہ پیماوٴں سے محروم ہوگئے، زیارت میں قوم کی یادگار کو بموں سے اُڑا دیا جاتا ہے، کئی علاقوں میں ہماری بیٹیاں تعلیمی ادارے تک نہیں جاسکتیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے قتل غارت گری روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کیوں نہیں کئے گئے، دہشتگرد واقعات کو نااہلی کا نام دیا جائے یا بے حسی کا۔ دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہوں خواہ مذاکرات کی میز پر ہو یا ریاستی طاقت کے استعمال سے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور قومی مسئلہ ہے، قوموں کی ترقی اور خوشحالی ہمسایہ ممالک کے ساتھی پرامن تعلقات کی وجہ سے ہے، پاک بھارت عوام کو غربت، جہالت، پسماندگی سے نجات دلانے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، خطے میں پائیدار امن کیلئے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کو اہمیت دی، اور قوم نے حالیہ انتخابات میں ہمارے موقف کی حمایت کی، ہمیں اپنی توانائیاں جنگوں کی بجائے غربت، جہالت اور امراض کے خلاف جنگ میں صرف کرنی چاہئیں، ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور حاکمیت اعلٰی کے خلاف ہیں۔ ڈرون حملے عالمی قوانین اور انصاف کی نفی ہیں۔ بلوچستان میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی جاتی رہی اور ہم بیٹھے دیکھتے رہے، بے حسی اور لاتعلقی کا دور اب ختم ہوچکا، بلوچستان کو نظر انداز کرنے کے دن اب گزر چکے ہیں۔ 

نواز شریف کو حکومت سے زیادہ پاکستان عزیز ہے، بلوچستان میں حکومت بنانے کی خواہش قربان کی، بلوچستان کی حکومت مسلم لیگ نون کی حکومت ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت کو مکمل طور پر تعاون فراہم کرنا چاہتا ہوں، سندھ میں امن و امان کے مسئلے پر وفاق پی پی کی مدد کرے گا، خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ بھی کبھی امتیازی سلوک نہیں کیا، آزاد کشمیر میں پی پی کی حکومت گرانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تو اُسے روکا گیا، ہر پاکستان کیلئے کراچی کی صورتحال تشویش کا باعث ہے، کراچی سے لاقانونیت ختم کی جائیگی، صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کرینگے، میں چاہتا ہوں کے کراچی میں انڈر گراوٴنڈ میٹرو بنے، یہ منصوبہ جلد شروع کرنا چاہتا ہوں، چاہتا ہوں کے گورنر اور وزیراعلٰی کے ہمراہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھوں۔
 
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاک چین راہدری منصوبہ خطے کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے، چین کے دورے کا مقصد توانائی کے بحران کا حل تھا، انتظامیہ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، بے عملی اور جمود کا شکار افسروں کی کوئی گنجائش نہیں، ایسی حکمت عملی اپنانا چاہتے ہوں کہ نوجوان اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، چاہتا ہوں کہ ہر خاندان میں ایک سے زیادہ کمانے والا ہو۔ دہشت گردی کا خاتمہ، توانائی بحران کا حل اور ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا ارادہ ہے، پاکستان مشکل دور سے گزرہا ہے، مشکلات کا سامنا کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے گھروں کی اسکیم کا اعلان کروں گا، اگلے پانچ سالوں میں چاروں صوبوں کے لاکھوں بے گھر افراد کو گھر ملیں گے، وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، صوبائی حکومتیں سیلاب متاثرین کی رہائش، خوراک علاج میں کوئی کوتاہی نہیں برتیں گی، آج جو کچھ کہا دل کی گہرائیوں سے کہا۔
خبر کا کوڈ : 293989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش