اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آج حزب اللہ اور انصار اللہ کے جوان سیرت زینبی ادا کرتے ہوئے یزید وقت کے سامنے صبر و استقامت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرواہ گورچانی ضلع میرپور خاص میں سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اسوہ صبر و استقامت ہیں۔ آج حزب اللہ اور انصار اللہ کے جوان سیرت زینبی ادا کرتے ہوئے یزید وقت کے سامنے صبر و استقامت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ یمن کے غیرت مند مسلمانوں نے غاصب صیہونی ریاست کے خلاف جس بہادری کے ساتھ قیام کیا ہے، وہ طالبان اور عرب حکمرانوں سمیت پوری مسلم دنیا کے لئے رہنماء ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام پر ظلم اور بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ دنیا کے حکمران اور مسلم حکمران مظلوم فلسطینیوں کو بھلا چکی ہیں۔ ہم علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے شیعہ کبھی بھی فلسطین کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔
اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء نے مغوی میر ہزار خان ڈومکی کے ورثاء سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ کے اضلاع کشمور، شکار پور، گھوٹکی اور جیکب آباد میں اغواء برائے تاوان اور بدامنی بدترین شکل اختیار کر چکی ہے۔ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس مغوی میر ہزار خان ڈومکی کو بازیاب کرانے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے ضلع کشمور اور شکار پور میں بے گناہ شہریوں کے اغواء پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مغوی میر ہزار ڈومکی کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا۔