اسلام ٹائمز۔ چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے کہا ہے کہ مجھے یہ بھی کہا گیا کہ آپ جائیں اور متحدہ قومی موومنٹ سنبھالیں۔ کراچی میں غیر سرکاری ادارے کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب میں آفاق احمد نے کہا کہ قومیت کی شناخت ہر ایک کو ہضم نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مہاجر نظریے سے دستبردار کرنے کی کوشش کی گئی، میں نے بانی متحدہ کے اقدام کی کھل کر مخالفت کی تھی، مجھے یہ بھی کہا آپ آجائیں متحدہ کو سنبھالیں۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے مزید کہا کہ جس طرح پنجابی، پٹھان، سندھی ایک قوم ہیں، اس طرح مہاجر بھی قوم ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمارے بچوں کے مستقبل سے کھیل رہی ہے، کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج پیپلز پارٹی بناتی ہے، اس شہر کے لاکھوں بچے اپنا مستقبل برباد کر چکے ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلہ لینے کا وقت گزر گیا ہے۔