اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کو پانی فراہم کرنے والی کے تھری لائن سے پانی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر واٹر کارپوریشن نے واٹر کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ احسن آباد بنگالی موڑ کے قریب 8 انچ کا غیر قانونی کنکشن ڈالا گیا، 600 میٹر طویل غیر قانونی لائن کے ساتھ مرکزی لائنوں سے کنکشن لینے کی کوشش کی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ غیر قانونی لائن کی نشاندہی ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اقبال مسعود نے کی تھی۔ غیر قانونی سرگرمیاں روکنا ٹاؤن انتطامیہ سہراب گوٹھ اور ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس کی مدد سے غیر قانونی لائن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ کے تھری کی لائن سے نارتھ کراچی، سرجانی، نیو کراچی اور کیماڑی کو یومیہ 7 کروڑ گیلن پانی دیا جاتا ہے۔