0
Tuesday 20 Nov 2012 09:45

غزہ، بربریت اور مظلومیت میں مقابلہ جاری، شہداء کی تعداد 109 سے تجاوز کرگئی

غزہ، بربریت اور مظلومیت میں مقابلہ جاری، شہداء کی تعداد 109 سے تجاوز کرگئی
اسلام ٹائمز۔ غزہ میں اسرائیلی بربریت نے مزید پچیس فلسطینیوں کی جان لے لی، چھ روزہ جارحیت میں شہداء کی تعداد 109 ہو گئی ہے، یورپی یونین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ اسرائیلی کابینہ نے مصر کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کے منصوبے پر غور شروع کر دیا۔ اسرائیلی فضائیہ کے غزہ میں اہم سرکاری عمارتوں، گاڑیوں اور رہائشی علاقوں پر بمباری اور میزائل حملے جاری ہیں۔ رہائشی بلاکس اور میڈیا بلڈنگ پر حملے میں 7 افراد شہید ہوئے، جبکہ مغربی کنارے میں سڑک پر جانے والا فلسطینی اسرائیلی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔ حملوں میں اب تک سینکڑوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، جن میں متعدد کی حالت نازک ہے۔ یورپی یونین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون امن بات چیت کے لئے مصر پہنچ گئے ہیں۔
 
بان کی مون نے مصری وزیر خارجہ سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی مصری صدر اور عرب لیگ کے سربراہ سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی کابینہ نے مصر کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کے منصوبے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ادھر مغربی کنارے میں الفتح نے حماس سے اختلافات ختم کرکے ایک ہونے کا اعلان کیا ہے۔ حماس کے سیاسی سیل کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی شرائط پر جنگ بندی قبول نہیں کرینگے۔ ترک وزیراعظم طیب اردوگان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے تمام اقدامات دہشت گردی پر مبنی ہیں۔ چین نے اسرائیل سے کہا ہے وہ معصوم شہریوں کی ہلاکتوں سے باز رہے۔ روس نے جنگ بندی کیلئے تین نکاتی قرارداد جلد پیش کرنے کا عندیہ دے دیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف جارحیت جاری ہے، آج کئے جانے والے فضائی حملوں میں مزید 13 فلسطینی شہید ہوگئے، یوں 6 روز میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 109 ہوگئی ہے۔ کل کے حملے میں نیشنل سیکیورٹی کی عمارت کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا، حملوں میں اس کے علاوہ بھی کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ اسی دوران اسرائیلی جارحیت کے خلاف کئی ملکوں میں عوامی سطح پر مظاہرے جاری ہیں۔ اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کیلئے، مصر کوششیں کر رہا ہے۔ میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بھی مذاکرات کیلئے وفد قاہرہ بھیجا ہے۔ ادھر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون آج قاہرہ پہنچیں گے۔ انہوں نے فریقین سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی کی کوششوں کا حصہ بننے کیلئے قاہرہ جا رہے ہیں۔ مصر کے صدر محمد مرسی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں زمینی کارروائی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، اسے  نہ تو مصر اور نہ ہی باقی دنیا اسے قبول کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 213528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش