0
Saturday 16 Nov 2024 18:47

امریکی ارکان کانگریس سے خط لکھوانا گولڈ اسمتھ فیملی کی ہی کارستانی ہے، شرجیل میمن

امریکی ارکان کانگریس سے خط لکھوانا گولڈ اسمتھ فیملی کی ہی کارستانی ہے، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ امریکی ارکان کانگریس سے خط لکھوانا گولڈ اسمتھ فیملی کی ہی کارستانی ہے، اسرائیلی پیسہ استعمال کرکے بانی کو رہا کرانے کی کوشش ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کے لیے امریکی ارکان کانگریس کے خط پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ارکان کانگریس سے بائیڈن کو خط کس نے لکھوایا اور کیا مقصد ہے سب جانتے ہیں، کیا امریکی ارکان کانگریس نے فلسطین اور کشمیر کی صورتحال پر کبھی خط لکھا؟

صوبائی وزیر نے کہا کہ امریکا میں لابسٹ کو ہائر کیا گیا ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے دباؤ ڈالا جائے، پاکستان میں پی ٹی آئی کی فنڈنگ کے کروڑوں امریکا میں لابسٹ پرخرچ ہو رہے ہیں، عالمی لابسٹ کو ہائر کیا جارہا ہے تاکہ پاکستان کے اندرونی معاملے میں مداخلت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ حکومت پر دباؤ ڈال کر بانی کو رہا کرائیں، عدم اعتماد کے وقت پی ٹی آئی کہتی تھی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم غلام نہیں، پی ٹی آئی نے امریکا پر ہی اپنی حکومت گرانے کی سازش کا الزام لگایا تھا اور آج پی ٹی آئی لابسٹ کے ذریعے اس ہی امریکی حکومت کو خط لکھوا رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ امریکی ارکان کانگریس سے خط لکھوانا گولڈ اسمتھ فیملی کی ہی کارستانی ہے، گولڈ اسمتھ فیملی اسرائیل کی لابسٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان میں اسرائیل کا اثاثہ ہے، اسرائیلی جریدوں میں آرٹیکلز ہیں کہ پاکستان میں بانی ہی اسرائیل کو سوٹ کرتا ہے، خط وہ لکھوا رہے ہیں جن کا ایجنڈا ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے، ڈاکٹر اسرار نے 20، 25 سال پہلے ہی بانی پی ٹی آئی سے متعلق بتا دیا تھا۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اسرائیلی پیسہ استعمال کرکے بانی کو رہا کرانے کی کوشش ہورہی ہے، بانی اپنے دور میں سیاسی مخالفین کیخلاف نیب کو استعمال کرتے تھے، اس وقت خط کہاں تھے؟ اگر یہ پاکستانی لابسٹ ہوتے تو کیا کشمیر کیلئے کبھی خط نہیں لکھواتے؟ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی بانی کی رہائی کے ون پوائنٹ ایجنڈے کیلئے ہر حد تک جائے گی، بانی پی ٹی آئی پاکستان میں اسرائیل کا اسٹرٹیجک اثاثہ ہے، بانی کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی کی طرف سے حیران کن چیزیں ابھی مزید سامنے آئیں گی۔
خبر کا کوڈ : 1172942
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش