اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں ہے اور نیشنل کانفرنس دفعہ 370 کی بحالی کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی، کیوں جموں و کشمیر کی خصوصی حثیت کا درجہ نیشنل کانفرنس نے ہی دلایا تھا۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر و سابق ممبر اسمبلی ترال ڈاکٹر غلام نبی بٹ نے آج ترال میں ورکرس کنونشن سے خطاب کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیرونی ریاست مختلف جیلوں میں مقید قیدیوں کو بلا تاخیر وادی منتقل کیا جائے اور ایسے افراد جن کے خلاف کوئی بڑا کیس نہیں ہے کو رہا کیا جائے تاکہ وہ بھی پُرامن زندگی گزار سکیں۔
ڈاکٹر غلام نبی بٹ نے بتایا کہ بی جے پی کو نوشتہ دیوار پڑنا چاہیئے کہ پروپیگنڈا کرنے کے باوجود وہ کشمیر سے ایک سیٹ بھی حاصل نہیں کر سکی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عمر عبداللہ کی سرکار عوام کی خواہشات پر پورا اترے گی اور اس حوالے سے عوام کو نا امید نہیں ہونے دیا جائے گا۔ واضح رہے گزشتہ روز امت شاہ نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ اگر اندرا گاندھی سورگ سے واپس بھی آ جائیں اور راہل گاندھی کی چار نسلیں بھی زور لگا لیں، پھر بھی دفعہ 370 کو واپس نہیں لایا جا سکتا ہے۔