اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اللہ نے انسان کی تخلیق جذبہ محبت کی بنیاد پر کی۔ نفرت کا جذبہ محبت کو ظاہر کرنے کیلئے تخلیق کیا گیا۔ حضور نبی اکرم(ص) سرتاپا شفقت و رحمت اور آپ(ص) کو قرآن نے اعلیٰ ترین خُلق والے قرار دیا، اتباع رسول(ص) کا تقاضا ہے کہ اپنی زندگیوں سے نفرت کو ختم اور محبت کو داخل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر بھمبر میں سیرت النبی(ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن آزاد کشمیر کی طرف سے کیا گیا، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈی نیشن انجینئر محمد رفیق نجم نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اچھی صحت، رزق حلال، صالح اولاد، مالی آسودگی اللہ کی نعمتیں ہیں لیکن ایمان اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ ایمان کی نعمت اور حلاوت اسے نصیب ہو گی جس کے دل میں حضور نبی اکرم(ص) کی محبت ہو گی اور جو اسوہ رسول(ص) کے مطابق زندگی بسر کرے گا۔ الفت کے جذبہ اور محبت رسول(ص) کا تقاضا ہے کہ ہمارا ہر عمل حضور نبی اکرم(ص) کے فرامین مبارکہ کے مطابق ہو، محبت رسول کے بغیر ایمان کی نعمت کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمان کی تکمیل کیلئے محبت رسول(ص)، اطاعت رسول(ص)، اتباع رسول(ص)، تعظیم رسول(ص) ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے یقینی، مایوسی، انتشار و خلفشار آپ(ص) کی سیرت طیبہ سے انحراف کا نتیجہ ہے۔ زندگی کو کامیاب بنانے کے لئے آپ(ص) کے اسوہ پر عمل کیا جائے۔
کانفرنس میں نائب علامہ حسن میر قادری، محمد اقبال مصطفوی، سہیل احمد رضا، علامہ جمیل احمد زاہد، چودھری ریاست علی چدھڑ، ابرار سرور شاہ، پروفیسر عتیق احمد طاہر، وحید شریف، شہزاد القمر مجید، ڈاکٹر امجد حسین، زونل ناظمہ منہاج ویمن لیگ کشمیر رافعہ عروج ملک سمیت تحریک منہاج القرآن کے مختلف فورمز کے قائدین و کارکنان، سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی، صحافتی شخصیات اور عامۃ الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔