اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور خواجہ فاروق احمد نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کی بھرپور مذمت کی اور اس سلسلے میں موثر اور جارحانہ انداز میں اندرون و بیرون ملک بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے صدر آزادجموں و کشمیر کو چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی تعیناتی پر جاری مشاورت کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور انہوں نے اس سلسلے میں صدر آزاد جموں و کشمیر سے مشاورت اور رہنمائی حاصل کی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور خواجہ فاروق احمد کے درمیان آزاد کشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔