اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیری مہاہرین نے ایک اجتماع کے دوران حق خودارادیت کے حصول کی جدووجہد میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت و تائید پر پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ”کشمیری ریفیوجی کیئر کونسل“ کے صدر نعیم سجاد کی صدرات میں ہونے والے اجتماع میں کہا گیا کہ پاکستان نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے محکوم لوگوں کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے اور عالمی فورموں پر ان کی بھرپور ترجمانی کر رہا ہے۔ اجتماع میں کہا گیا کہ کشمیری عوام کلمہ واحد کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والی مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ بھرپور محبت اور لگاﺅ رکھتے ہیں اور پاکستان میں شامل ہونا ان کا ایک دیرینہ خواب ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے اور قابض بھارتی فورسز کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کیلئے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ اجلاس میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے فوجی انخلاء کرے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دے۔ انہوں نے اس موقع پر ”پاکستان زندہ باد“ اور ”گو انڈیا گو بیک“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اجتماع میں آزاد جموں و کشمیر کی حکومت پر زور دیا گیا کہ مہاجرین کی مستقل آبادکاری کے کام میں تیزی لائے۔