اسلام ٹائمز۔ سوامی وویکانند کی یوم پیدائش کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو انڈیا یوتھ لیڈرز ڈائیلاگ پروگرام سے خطاب کیا۔ اس دوران مودی نے کہا کہ ہندوستان کی نوجوان طاقت مسلسل تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اس دوران مودی نے ڈیولپڈ انڈیا ینگ لیڈرس ڈائیلاگ 2025ء کے شرکاء سے بھی ملاقات کی۔ نریندر مودی نے کہا کہ ڈیولپڈ انڈیا ینگ لیڈرس ڈائیلاگ نوجوانوں کے لئے تحریک کا ایک ذریعہ ہے، جو ہمارے نوجوانوں کے اختراعی جذبے اور توانائی کو ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے متحد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوامی وویکانند کا ہندوستان کے نوجوانوں پر بڑا اعتماد تھا، میں نوجوان نسل پر بھی یقین رکھتا ہوں۔ نریندر مودی نے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ ان کے خاص دوستانہ تعلقات ہیں، دوستی کا سب سے مضبوط حصہ اعتماد ہے، اس یقین نے ترقی یافتہ ہندوستان ینگ لیڈرس ڈائیلاگ کی بنیاد رکھی ہے، نوجوانوں کی طاقت سے ہندوستان بہت جلد ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے گا، یہ ان کا عقیدہ ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ آج دنیا کے کئی ممالک میں رونما ہونے والے واقعات نے معاشرے کے لئے مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کے لوگوں نے آزاد ہونے کا عزم کیا تو برطانوی راج بہت مضبوط تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لوگوں نے جو خواب دیکھا، وہ اسے پورا کرکے رہے، ہر ہندوستانی آزادی کا خواب جینے لگا جس کی وجہ سے انگریز بھاگ گئے۔ نریندر مودی نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ اس دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 1930ء کی دہائی میں امریکہ کو آنے والے شدید معاشی بحران کا بھی حوالہ دیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ تب امریکہ کے لوگوں نے عہد کر لیا تھا کہ انہیں اس سے باہر نکل کر تیزی سے آگے بڑھنا ہے، آج امریکہ کی ترقی کی رفتار کئی گنا تیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بھی آج تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔