اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پولیس نے بیکری پر فائرنگ اور بھتہ خوری کا معمہ حل کر لیا، واقعہ کاروباری رنجش نکلا، پولیس نے بیکری کے سابق پارٹنر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او گارڈن زبیر نواز نے بتایا کہ عثمان آباد کے قریب فائرنگ کی اطلاع ملی تھی، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر معلومات حاصل کیں تو بیکری کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ اسے 22 دسمبر سے بھتے کیلئے دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں۔ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بیکری کے مالک کا مکمل بیان لیا اور اس دوران انکشاف ہوا کہ بیکری کے مالک کے اپنے سابق پارٹنر قمر شہزاد عرف قمبری کے ساتھ کچھ کاروباری اختلافات تھے، جس کے بعد دونوں الگ ہوگئے تھے اور اسی بات کا بدلہ لینے کیلئے قمر شہزاد اور بیکری پر کام کرنے والا ملازم شیر جان بلوچ نے مل کر بیکری کے مالک کو دھمکی آمیز فون کروا کر 50 لاکھ بھتہ طلب کرنے کا منصوبہ بنایا۔
سابق پارٹنر اور ملازم نے اپنے ساتھی جہانگیر بلوچ کے ذریعے بیکری کے مالک کو انٹرنیشنل نمبر سے دھمکی آمیز فون کالز کیں اور بھتہ نہ دینے پر بیکری کے باہر فائرنگ کی، تاہم ان تمام معلومات کی بنیاد پر پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان سابق پارٹنر قمر شہزاد اور ملازم شیر جان بلوچ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا، جبکہ دھمکی آمیز کال کرنے والے گرفتار ملزمان کے ساتھی جہانگیر بلوچ کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ زبیر نواز کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے حوالے کر دیا گیا، جو ملزمان سے مزید تفتیش کر رہا ہے۔