اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ وزیر اطلاعات نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ مولانا عمر فاروق کو مسلسل کئی ہفتوں سے نظربند رکھنے اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس کو دینی معاملات میں صریح مداخلت قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ہندوستان کی ان مکروہ حرکتوں کی وجہ سے کشمیر کی مظلوم عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے، اب عوام کو شہداء کے گھر تعزیت کے لئے جانے سے روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایوان انسانی حقوق کے اداروں کے ضمیر کو جھنجوڑنے کے ساتھ ساتھ مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے معاملات سے مودی سرکار کو روکے اور اگر بھارت اقلیتوں پر ظلم سے باز نہیں آتا تو یہ ایوان عالمی دنیا سے بالخصوص مسلم ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان کا ہر سطح پر معاشی بائیکاٹ کیا جائے۔