0
Friday 27 Dec 2024 21:10

افغان معاملے پر پختونخوا کی سیاسی قیادت پر مشتمل جرگہ بنا کر آگے بڑھا جائے، اسد قیصر

افغان معاملے پر پختونخوا کی سیاسی قیادت پر مشتمل جرگہ بنا کر آگے بڑھا جائے، اسد قیصر
اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغان معاملے پر خیبر پختونخوا کی سیاسی قیادت پر مشتمل جرگہ بنا کر آگے بڑھا جائے۔ افغانستان کے معاملے پر اپنے ویڈیو بیان میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ موجودہ صورت حال پر ہمیں گہری تشویش ہے۔ دونوں ممالک کو اس صورت حال کو مذاکرات اور سفارتی چینل کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا دینی و خونی رشتہ اور گہرے روابط ہیں۔ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ موجودہ صورت حال خطے میں عدم استحکام پیدا کر سکتی ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ افغانستان کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے اور خیبر پختونخوا کی سیاسی قیادت پر مشتمل جرگہ بنا کر ان کی تجاویز کے مطابق معاملہ آگے بڑھایا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارا علاقہ جنگ سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ 40 سے 50 سال سے ہم جنگوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ برادر اسلامی ملک کے ساتھ ایسی صورت حال کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ جنگ، تشدد اور جارحیت کسی مسئلے کا حل نہیں۔ تمام مسائل کا حل مذاکرات کی میز پر نکالا جائے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اپنے تحفظات ایک دوسرے کے سامنے رکھیں۔ مجھے امید ہے کہ بڑے مسائل بھی جرگوں کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1180859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش