اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پاراچنار کے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لئے شہداء چوک پر تیسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔ کوئٹہ کے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پاراچنار کے محاصرے کا خاتمہ کرکے عوام کو ادویات، خوراک اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ پاراچنار کے امن کی بحالی اور مرکزی دھرنے کی کال تک دھرنا جاری رہے گا۔ شہداء چوک علمدار روڈ پر جاری دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، مجلس علمائے مکتب اہلبیت، پاکستان تحریک انصاف، بلوچستان شیعہ کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں، فلاحی و مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں اور قبائلی و مذہبی عمائدین نے شرکت کرتے ہوئے پاراچنار کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ دھرنے میں شدید سردی کے باوجود بچے، بزرگ اور خواتین بھی موجود ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی سات تک ریکاڑ کی جا چکی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔