اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی بھیک مانگ کر وزیر اعظم نہیں بنائے گی، پیر صاحب پگارا ایسی باتیں نہ کریں، پیر صاحب کا احترام ہے لیکن ان باتوں کی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ضرور بنیں گے، پیپلز پارٹی چاہے تو بلاول بھٹو زرداری کل بھی وزیر اعظم بن سکتے ہیں، ہم بھیک مانگ کر 70 ووٹوں پر کمزور وزیر اعظم نہیں بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مسائل کی خاطر پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا احترام ہے، شاہد خاقان تنقید سے پہلے دور اقتدار میں اپنے بیانات سن لیں، وہ کیا کہا کرتے تھے، شاہد خاقان عباسی کو تنقید کرنے کے بجائے تجویز دینی چاہیئے، شاہد خاقان عباسی اگر پارلیمنٹ میں نہیں تو کیا ہوا اسکی سیاسی اہمیت ہے، یہ وقت ملک کو مسائل سے نکالنے کا ہے، پانی کی تقسیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے کبھی کمپرومائز نہیں کیا ہے اور نا ہی کریگی۔