اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو اذیت سے بچانا اور ان کے دکھ درد بانٹنے کو حسن سلوک کہتے ہیں۔ دوسروں کے دکھ درد بانٹنا ایک عظیم انسانی صفت ہے، جو معاشرے میں حسن سلوک اور محبت کو فروغ دیتی ہے، اپنے بھائی کو مسکرا کر ملنا صدقہ اور عبادت ہے، مادیت پرستی کے اس دور میں قریبی رشتے ایک دوسرے سے دور ہو رہے ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنے اعلیٰ اخلاق سے ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑا اور ایک جماعت کا تصور دیا۔ "فتوت" اعلیٰ اخلاقی اقدار، انسان دوستی اور خدمتِ خلق کا عملی مجموعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتوت انسان کو دوسروں کیساتھ حسنِ سلوک، ایثار اور قربانی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ دوسروں کو سکون اور آرام فراہم کیا جائے، انہیں اذیت سے بچایا جائے، اور اگر خود کو تکلیف پہنچے تو صبر کیساتھ برداشت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ "فتاح" اس جوانمرد کو کہا جاتا ہے جو اپنے مسائل اور قربانیوں کو لوگوں پر ظاہر نہ کرے بلکہ اللہ کی رضا پر راضی رہے۔ فتوت کا اصل مقصد انسان کو ایسا کردار اپنانے کی ترغیب دیتا ہے جو دوسروں کیلئے خیر اور بھلائی کا باعث ہو۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں حضرت امام جعفر الصادق علیہ السلام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہلِبیت اطہارؑ کی پاکیزہ زندگیاں فتوت کی عملی تصویر ہیں وہ اپنی ضروریات کے باوجود دوسروں کی مدد کرتے اور صبر و شکر کے جذبات کو اپناتے تھے۔ قرآن و سنت میں بھی اس رویے کو اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک زندگی فتوت کے حقیقی اصولوں کی عکاسی کرتی ہے، جہاں ایثار، سخاوت اور خدمتِ خلق کا ہر پہلو نمایاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتوت کی بنیاد قرآن مجید کی ان آیات پر ہے جن میں بھلائی، سخاوت اور دوسروں کو اپنی ذات پر ترجیح دینے کی تلقین کی گئی ہے، صوفیاء کرام کے نزدیک فتوت ایک روحانی اصول ہے جو عاجزی، اخلاص اور قربانی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو فتوت کا امام اور ان کی زندگی کو بہادری، حق گوئی اور سخاوت کا بہترین نمونہ قرار دیا۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اُمت مسلمہ اور مملکتِ پاکستان کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جمعہ میں شریک مرکزی قائدین، مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف ممبران، گوشہ نشینان، اندرون و بیرون ملک سے آئے تحریک منہاج القرآن کے رہنمائوں اور اہل علاقہ سے ملاقات کی۔