اسلام ٹائمز۔ روس میں ایرانی سفیر کاظم جلالی جو یوریشین اکنامک یونین کے اجلاس میں شرکت کے لئے سینٹ پیٹرزبرگ میں موجود ہیں، نے مچنیکوف یونیورسٹی (Mechnikov University) میں ایرانی طلباء کے ساتھ ملاقات کے دوران ایران-روس جامع تعاون کے معاہدے پر دستخط کے حوالے سے دونوں ممالک کی مکمل تیاری کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران اپنی گفتگو میں کاظم جلالی کا کہنا تھا کہ صدر اسلامی جمہوریہ ایران مسعود پزشکیان کے 17 جنوری کے دورہ ماسکو کے دوران ایران-روس جامع تعاون کے معاہدے پر، مسعود پزشکیان و ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے دستخط کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے شمال-جنوب کوریڈور کو دونوں ممالک کے دیگر اقتصادی منصوبوں میں سے ایک قرار دیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز، روسی وزیر اعظم کے دو ڈپٹی افسران نے اس منصوبے پر گفتگو کے لئے تہران کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے صدر مملکت سمیت دیگر اعلی حکام کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔