اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیرا عظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون معاملہ حل کرنے کیلئے آئین و قانون کے مطابق اقدامات کرے۔ فضل الرحمان اور وزیراعظم کی ملاقات میں عبدالغفورحیدری، کامران مرتضیٰ، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ شریک تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطاتارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔