اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے مسیحی قیدیوں کیلئے صوبہ بھر کی جیلوں میں کرسمس کی تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو مسیحی قیدیوں کیلئے کرسمس تقریبات کے انعقاد کی ہدایات جاری کر دیں، مسیحی قیدیوں کیلئے تمام جیلوں میں خصوصی کرسمس دعائیہ تقاریب ہوں گی۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں کرسمس کے موقع پر کیک کاٹے جائیں گے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کرسمس کے موقع پر مسیحی قیدیوں کی اہلخانہ سے خصوصی ملاقات کا اہتمام ہوگا، تمام مسیحی قیدیوں کو کرسمس کے موقع پر گھر کے کھانے منگوانے کی بھی اجازت ہو گی۔ جیل حکام کی جانب سے بھی کرسمس پر خصوصی کھانا پیش کیا جائیگا۔ محکمہ داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ سیکرٹری داخلہ نے مذہبی جذبات کی تکریم کیلئے مسیحی قیدیوں کو تحائف پیش کرنے اور تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات پر من و عن عمل کی ہدایت کی ہے۔