اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد کی جانب سے چیئرمین ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پارا چنار ضلع کرم کی مخدوش صورتحال کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر جیکب آباد میں احتجاجی ریلی برآمد ہوئی۔ جو پریس کلب جیکب آباد پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلع صدر نذیر حسین جعفری، جنرل سیکرٹری عزاداری کونسل سید غلام شبیر نقوی اور نثار احمد ابڑو نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرے میں شہریوں اور پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے پارا چنار کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرم پارا چنار کے 70 روز سے بند راستوں کو فی الفور کھولا جائے۔ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی کمی سے کئی معصوم بچوں نے جان کی بازی ہار دیں۔ مقررین نے کہا کہ سرد ترین علاقے میں ایندھن اور دیگر ضروریات زندگی کا باہم نہ پہنچنا حکومتوں کی ناکامی و بے حسی کا ثبوت ہے۔