اسلام ٹائمز۔ کیسکو نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے گھر اور دفتر کو ایک کروڑ 80 لاکھ، گورنر ہاؤس کو 60 لاکھ اور صوبائی اسمبلی کو 70 لاکھ، جبکہ مختلف سرکاری محکموں کو مجموعی طور پر 40 ارب روپے کی واجبات کی ادائیگی کا نوٹس بھیج دیا۔ ترجمان کیسکو کے مطابق صوبائی حکومت کے محکموں کے ذمے تقریباً 40 ارب روپے کے بقایاجات واجب الادا ہیں۔ بلوچستان کے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے کیسکو کے 19 ارب روپے، محکمہ تعلیم نے 9 ارب روپے، محکمہ صحت نے 3 ارب، محکمہ پولیس نے 1 ارب 26 کروڑ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر نے کیسکو کے 1 ارب 10 کروڑ ادا کرنے ہیں۔ اسی طرح محکمہ لوکل گورنمنٹ 40 کروڑ روپے، محکمہ مواصلات و تعمیرات پر 35 کروڑ روپے، محکمہ جیل کے ذمہ تقریباً 13 کروڑ روپے، محکمہ زراعت 47 کروڑ روپے، محکمہ واسا پر 30 کروڑ روپے کے بقایاجات واجب الادا ہیں۔ کیسکو نے واجبات کی وصولی کیلئے تمام محکموں کو نوٹسز بھجوا دیئے ہیں۔