اسلام ٹائمز۔ صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے میں دو فلسطینی نوجوانوں کو براہ راست فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ فارس نیوز کے مطابق فلسطینی ذرائع نے آج (منگل) شام کو اطلاع دی کہ یہ دو فلسطینی نوجوان، محمد زاکی داود اور ضیاء شریف حسن سلمی، مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ کے قریب حائل دیوار کے نزدیک شہید ہوئے ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ شہداء کی لاشوں کو صیہونی فوج کی فائرنگ کے بعد صوفین محلے سے قلقیلیہ کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق محمد داود 32 سال کے اور ضیاء سلمی 31 سال کے تھے، اور ان پر فائرنگ کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ فلسطینی ہلال احمر نے بھی ایک بیان میں کہا کہ ان دونوں شہداء کی لاشوں کو قلقیلیہ کے قریب صوفین چیک پوسٹ سے وصول کیا گیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔