اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمارے پانچ ہزار کارکن لاپتہ ہیں، ضلعی سطح پر لاپتہ کارکنوں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، وہ احتجاج میں عام کارکن کی طرح شامل ہوئیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے کے پی کے سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری تحریک پر کسی صورت گولی نہیں چلنی چاہیے تھی، مستقبل کا لائحہ عمل بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر طے کریں گے، آج اپنے شہید کارکنوں کی تعزیت کیلئے ان کے گھر آیا ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کبھی کوئی حکومت اپنے شہریوں پر گولی نہیں چلاتی، شہداء کے خاندانوں کو کے پی حکومت معاوضہ دے گی اور شہداء کے بچوں کو نوکریاں بھی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جہدوجہد جمہوریت کی بحالی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ہے، لوگ اپنے کاروبار گھر بار لٹا کر بھی بانی پی ٹی آئی کیساتھ ہیں۔