اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی نہ ہونے کی صورت میں مشرقی وسطیٰ کو جہنم بنا دینے کی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پشت پناہی سے اسرائیل نے غزہ میں جارحیت و دہشت گردی اور ظلم و سفاکیت کی انتہا کردی ہے اور وہ غزہ کے بعد لبنان پر بھی چڑھ دوڑا ہے، شہری آبادیوں، ہسپتالوں، اسکولوں اور مساجد تک پربمباری کرکے انسانی حقوق، عالمی قوانین اور جنگی اصولوں کی بھی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے لیکن نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کی پشت پناہی اور حمایت ترک کرنے اور اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی ختم کروانے کے بجائے مشرق وسطیٰ میں جنگ کو مزید ہوا دے رہے ہیں، ان کے اس رویے اور طرزِ عمل کے باعث خود امریکہ بھی جنگ سے محفوظ نہیں رہ سکے گا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ اس ساری صورتحال میں عالم اسلام کے حکمران، او آئی سی اور سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد نے بھی مجرمانہ طور پر خاموشی اور بزدلی کا رویہ اختیار کر رکھا ہے، ان کا یہ رویہ اور طرزِ عمل ہی اسرائیل کو ہمت اور طاقت دے رہا ہے کہ وہ روزانہ خواتین اور بچوں سمیت مظلوم فلسطینیوں کو شہید کر رہا ہے اور مسلمانوں کے قبلہ اوّل اور انبیاءؑ کی سر زمین فلسطین پر سے اپنا قبضہ اور تسلط ختم کرنے پر تیار نہیں، المیہ یہ ہے کہ اسرائیل کی اس کھلی سفاکیت پر عالمی طاقتیں خاموش ہیں اور ان بے پناہ مظالم پر کوئی نہیں جو جارحِ اسرائیل کا ہاتھ روکے، اطلاعات کے مطابق اب اسرائیل نے انسانی جسم کو تحلیل کرکے بخارات بنانے والے ہتھیار استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں۔