اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاک سعودیہ تجارتی معاہدے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔ اسلام آباد میں اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی، دونوں راہنماؤں کے درمیان 6 ماہ میں یہ پانچویں ملاقات تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔ سرمایہ کاری کا فروغ اور معاشی تعاون میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم کی قیادت میں فارن پالیسی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات بہت اہم رہی ہے، وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب سنگ میل ثابت ہوگا۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ موثر پالیسیوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ مہنگائی 6 سال کی کم ترین سطح پر ہے، سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔