اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان محسود کو پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق عالمگیر خان کو اسلام آباد میں درج مقدمات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ترجمان تحریک انصاف نے گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان محسود کو گلشن اقبال میں ان کی رہائش گاہ سے اسلام آباد میں درج مختلف مقدمات پر گرفتارکیا۔
تحریک انصاف کراچی کے صدر راجہ اظہر نے سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عالمگیر خان آج اسلام آباد سے اپنے گھر پہنچے تو ان کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار دیا۔ راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ عالمگیر خان کو فوری رہا جائے، ہم اس گرفتاری کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے۔