0
Wednesday 4 Dec 2024 22:24

سابق وفاقی وزیر منیر گیلانی سے علامہ سبطین سبزواری کی ملاقات، کرم میں تکفیری دہشتگرد بدامنی کے ذمہ دار قرار

پاراچنار کے راستے کھلوانے کیلئے ملی قیادت امن لانگ مارچ کا اعلان کرے، رہنماوں میں اتفاق
سابق وفاقی وزیر منیر گیلانی سے علامہ سبطین سبزواری کی ملاقات، کرم میں تکفیری دہشتگرد بدامنی کے ذمہ دار قرار
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری اور صوبائی صدر وسطی پنجاب سید ساجد حسین نقوی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خاص طور پارا چنار میں جاری ظلم و ستم، جلاو گھیراو، قتل و غارتگری اور غیر انسانی رویوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور تکفیری دہشتگردوں کو ضلع کرم میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے بھی اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ رہنماوں میں اتفاق رائے پایا گیا کہ پاراچنار کے راستے کھلوانے کیلئے ملی قیادت کو کرم کی طرف امن لانگ مارچ کا اعلان کرنا چاہیے۔ حکومتی دعووں کے باوجود ابھی تک علاقے میں حالات معمول پر نہیں آ سکے۔ دہشتگرد اتنے مضبوط ہیں کہ جرگہ کے لوگوں کو بھی کام نہیں کرنے دیتے۔ انہوں نے گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔

منیر کیلانی نے افسوس کا اظہار کیا کہ پشاور ٹل پارا چنار روڈ کو ریاستی ادارے خالی کروانے اور اسے پرامن بنانے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ حالانکہ سکیورٹی اداروں کی مسلسل موجودگی وہاں ثابت کرتی ہے کہ وہ امن و امان کو قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پارا چنار میں مومنین کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا، بہادر لوگوں کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے تیسرے قائد ملت جعفریہ علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمة اللہ علیہ نے پاکستان میں اسلامی انقلاب برپا کیا اور خط امام خمینیؒ کو متعارف کروایا۔ علامہ عارف حسین الحسینی کے شہر پاراچنار کو ملت جعفریہ پاکستان بھلا نہیں سکتی، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملی قیادت پارا چنار کی طرف امن مارچ کی کال دے، کیونکہ محض بیانات کافی نہیں، عملی طور پر ضلع کرم کے لوگوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستانی شیعہ عوام قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی پاراچنار کے مسئلے پر پالیسی کا خیرمقدم کریں گے، ملی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ سب ملی قیادت کی سرپرستی میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں جیسے ناصبی عناصر کی طرف سے متنازع قانون سازی کیخلاف اتحاد ملت سے کامیابی حاصل کی تھی، اسی طرح پاراچنار کے مسئلے پر بھی کردار ادا کرنے سے پارا چنار کے مظلوموں کے زخموں پر مرہم رکھی جا سکتی ہے۔ منیر حسین گیلانی نے مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے بھی تقاضا کیا کہ وہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی رکھتے ہیں، پارا چنار کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 1176578
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش