اسلام ٹائمز۔ گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کی سزا معاف کرنے کی اطلاعات پر اپنے ٹوئیٹر اکانٹ سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ امریکی صدر نے اپنے بیٹے کو معافی دے دی، پدری محبت کی وجہ سے یا کیس کی سیاسی نوعیت کو تسلیم کرتے ہوئے اور انہیں جس ذاتی صدمے کا سامنا کرنا پڑا ہے، اب مکمل انصاف کے ساتھ یہ ضروری ہے کہ آپ میری بہن، عافیہ کے ساتھ بھی اسی ہمدردی کا اظہار کریں، عافیہ کو اس کی بے گناہی کے باوجود غلط طریقے سے قید اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، اس نے ناقابل تصور اذیتیں برداشت کی ہے، اس سے کہیں زیادہ جو کوئی انسان برداشت کر سکتا ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ کو اس کے وطن واپس جانے دو تاکہ انصاف کا بول بالا ہو۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپنے ٹوئیٹر بیان میں مزید کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے وفد کی سمری اور اخراجات کی ادائیگی کا خیرمقدم کرتی ہوں، مگر میں یہ گوش گزار کرنا چاہتی ہوں کہ یہ مسئلہ یعنی عافیہ کی رہائی اخراجات کے مسئلے سے بالاتر ہے، عافیہ ہماری قوم کی بیٹی ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سچے جذبے اور لگن کے ساتھ اس کی رہائی کے لیے جدوجہد کرے۔