اسلام ٹائمز۔ سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں آپریشن کے دوران 5 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس میں 5 خوارج دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 خوارج زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔