اسلام ٹائمز۔ سیاسی جماعت کے پُرتشدد احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد پولیس کو ’’لیگل کور‘‘ دینے کیلئے نئی پولیس فورس بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب میں رائٹ مینجمنٹ پولیس بنائی جائے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق رائٹ مینجمنٹ پولیس کے نام سے آپریٹ کرنیوالی فورس کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی رینک کا ایک افسر کریگا۔ ٹیم کے ماتحت 15 یونٹس مختلف کردار ادا کریں گے، ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس کیساتھ ڈویژن کی سطح پر ایس پیز تعینات ہونگے۔
رائٹ مینجمنٹ پولیس کو موب کنٹرول یونٹ، واٹر کینن یونٹ، ربڑ بُلٹ یونٹ میں تقسیم کیا جائیگا، رائٹ ٹیم تربیت یافتہ کتوں کا استعمال بھی کرے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق رائٹ مینجمنٹ ٹیم کو سرویلنس ڈرونز، الیکٹرک شاک شیلڈز سمیت 25 اقسام کے دفاعی آلات بھی فراہم کیے جائینگے۔ فورس کو کارروائی کیلئے قانونی اختیارات فراہم کیے جائیں گے، آر ایم پی کو رائٹ ٹو پیس فل پروٹیسٹ ایکٹ کے تحت لیگل کور بھی حاصل ہو گا۔