اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی بربریت سے باز نہیں آ رہا، مسلسل غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل کی اس جارحیت کیخلاف جے یو آئی پشاور میں ’’مردہ باد اسرائیل ریلی‘‘ نکال ر ہی ہے، جس میں اسرائیلی مظالم کی مذمت اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت دینی طبقوں کے ساتھ مسلسل مذاق کر رہی ہے، مدارس بل منظور نہ ہونے کی صورت میں 8 دسمبر کی مردہ باد اسرائیل ریلی میں ہی حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان سے لاہور میں جے یو آئی لاہور کے رہنما حافظ بلال درانی نے ملاقات کی، جس میں فلسطین کی صورتحال اور حکومت کی جانب سے مدارس کے حوالے سے بل کی منظوری نہ ہونے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے بل کے معاملے پر حکومت کو دی گئی ڈیڈلائن پر بات چیت کی، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کے رہنماؤں کو خصوصی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 7 دسمبر تک مدارس بل پر دستخط نہ کیے تو 8 دسمبر کو پشاور میں اسرائیل مردہ باد ریلی میں اہم اعلان کروں گا اور اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ سے منظور کردہ ہمارے بل پر دستخط نہیں کر رہی اور اُس نے اپنی مرضی سے قانون سازی کرلی ہے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت بتائے اس نے ابھی تک مدارس بل کے پاس کردہ قانون پر دستخط کیوں نہیں کیے۔