اسلام ٹائمز۔ سانحہ پارا چنار کے شہداء اور دیگر متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آج احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر کوئٹہ کے عوام نے پارا چنار کے مظلومین کو انصاف فراہم کرنے، قاتلوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے اور غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں علماء کرام، مجلس وحدت مسلمین، مجلس علمائے مکتب اہلبیت، بلوچستان شیعہ کانفرنس سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندوں اور عوام الناس بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مظاہرین نے پارا چنار کے عوام سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت، انتظامیہ اور دیگر ذمہ داران کے خلاف نعرے بازی کی۔ مقررین نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام سانحہ پارا چنار کے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پارا چنار کے عوام کی کال کے منتظر ہیں۔ وہ جب بھی اعلان کرے ہم دھرنا دینے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار میں گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے تک حالات کشیدہ رہیں، تاہم ذمہ داران نے اس مسئلے کو حل کرنے اور حالات پر قابو پانے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے۔ سانحہ پارا چنار پر اعلیٰ عہدیداران کے مذمتی بیانات کافی نہیں ہیں، ہمیں عملی اقدامات چاہئے۔