اسلام ٹائمز۔ کراچی میں ہوم ڈیلیوری رائیڈرز کے ذریعے دہشت گردی کے خطرہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے شہر کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک اور تمام اضلاع کے ایس ایس پیز کو سرکلر الرٹ کیا گیا ہے۔ جاری سرکلر میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ فوڈ پانڈا یا دیگر ہوم ڈیلیوری رائڈرز کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
سرکلر میں فوڈ یا دیگر سامان کی ہوم ڈیلیوری کرنے والوں کے بیگز کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سرکلر میں فوڈ ڈیلیوری کرنے والوں کے سامان کی سخت چیکنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ڈیلیوری کرنے والوں کے سامان کو سخت تلاشی یقینی بنائی جائے۔ حکام کے مطابق اس سلسلے میں کوئی خاص دھمکی تو سامنے نہیں آئی تاہم اعلیٰ سطح کے حکام کی جانب سے کیے گئے خدشے پر اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں۔