اسلام ٹائمز۔ لندن میں جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے ایک وفد نے برطانوی نائب وزیراعظم انجیلا رینر سے ملاقات کر کے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے رہنمائوں اور انجیلا رینر کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو مسلسل کشمیریوں کی حمایت اور تحریک حق خودارادیت کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں۔ تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی زیرقیادت وفد میں کونسلر یاسمین ڈار، یوتھ ونگ کے چیئرمین ذیشان عارف اور تیمور شفیق شامل تھے جبکہ لارڈ واجد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ راجہ نجابت حسین نے کشمیر کاز کے ساتھ انجیلا رینر کی غیر متزلزل وابستگی اور دوستی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ان کے کردار پر اظہار تشکر کیا اور انہیں کشمیری عوام کی ایک مضبوط اتحادی قرار دیا۔
راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اب بطور نائب وزیراعظم انجیلا رینر ایک بااثر عہدے پر فائز ہیں اور تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل ان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر بامعنی پیش رفت ہو گی۔ کونسلر یاسمین ڈار نے انسانی حقوق خاص طور پر کشمیری عوام کی وکالت اور کمیونٹی کی بہتری کے لئے نائب وزیراعظم کی کوششوں کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔انجیلا رینر نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی وکالت اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے کردارکا اعتراف کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گی اور کشمیری کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گی۔