اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی فوجی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ذرائٰع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024ء کی خصوصی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ”بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت ہندوتوا نظریے اور پالیسی کا تسلسل ہے، انتہا پسندانہ بھارتی نظریے کی وجہ سے امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں بھی اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔“ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید فیض نقشبندی، شمیم شال، محمد سلطان بٹ، شیخ محمد یعقوب، زاہد صفی اور دیگر نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں کہا کہ پاک فوج کے سربراہ نے اپنی تقریر میں ہندوتوا نظریے کا بھرپور انداز سے پردہ چاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھرپور حمایت و تائید گزشتہ 77برس سے بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے محکوم لوگ پاک فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں جو حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ پوری طرح سے کھڑی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ کے بیان کو کشمیری عوام کے ساتھ اسلام آباد کی بھرپور وابستگی اور بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت کے فسطائی نظریے کے خلاف ایک بھرپور ردعمل کا عکاس قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر طریقے سے اجاگر کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کا حقیقی سفیر ہے۔