اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نوکری سے غیر حاضر رہنے والے 90 سرکاری اساتذہ کو معطل کر دیا ہے۔ ڈی جی پی آر بلوچستان کے بیان کے مطابق صوبائی ایکشن پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جس کے تحت ایجوکیشن سیکٹر میں غیرحاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ضلع ڈیرہ بگٹی میں 90 عادی غیر حاضر اساتذہ کو معطل کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف ضابطہ کی کارروائی مکمل کرکے برطرفی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اپنے حلقہ انتخاب ڈیرہ بگٹی میں بھی کسی عادی غیر حاضر ٹیچر کی سفارش نہیں کروں گا۔ بلا امتیاز پورے صوبے میں عادی غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گودار تا کوئٹہ، ژوب تا نصیر آباد ہر بند اسکول کھلے گا۔ بلوچستان کا ہر بچہ اسکول جائے گا۔ ڈیوٹی پر نہ جانے والا استاد گھر بھیج دیں گے۔ تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔