اسلام ٹائمز۔ کم از کم نقصان کے اعتراف کی پالیسی پر گامزن غاصب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اس کی 51ویں گولانی بریگیڈ کا 1 کمانڈر ہلاک اور 1 دوسرا فوجی افسر شدید زخمی ہوا ہے۔ ادھر غاصب صیہونی رژیم کے ذرائع ابلاغ نے بھی اعلان کیا ہے کہ علاوہ ازیں غاصب صیہونی فوج کا 1 سپاہی بھی مارا گیا ہے۔
صیہونی اخبار یدیعوت احرونوت (Yediot Aharonot) نے گذشتہ روز بھی اعلان کیا تھا کہ حزب اللہ لبنان کی مزاحمتی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں 6 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق، یہ چھ اسرائیلی فوجی گولانی بریگیڈ سے تھے جو حزب اللہ فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے جبکہ حزب اللہ لبنان کے صرف 4 مجاہدین نے جنوبی لبنان کی ایک عمارت کے اندر گھات لگا رکھی تھی۔ صہیونی میڈیا کا خیال ہے کہ حزب اللہ لبنان کے مجاہدین سرنگ کے ذریعے اس عمارت میں داخل ہوئے تھے اور غاصب صیہونی فوجی لاعلمی کے عالم میں ان کے نرغے میں جا پھنسے تھے۔