اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقایی نے شامی دارالحکومت دمشق کے علاقے الزینبیہ کی ایک رہائشی عمارت پر غاصب صیہونی رژیم کے جارحانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
غزہ میں جاری نسل کشی و جارحیت پر مبنی جعلی صیہونی رژیم کی سفاکانہ جنگ کے تسلسل اور اس کے ساتھ ساتھ عرب جمہوریہ شام اور لبنان کی علاقائی سالمیت و قومی خودمختاری کے خلاف قابض صہیونی رژیم کی بار بار کی فوجی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے اسمعیل بقایی نے غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے تسلسل کو امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی اندھی حمایت کا نتیجہ قرار دیا اور تاکید کی کہ یہ مذموم حکومتیں غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے تمام جرائم میں برابر کی شریک ہیں۔
اس حوالے سے اپنی گفتگو میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے، فلسطینی عوام کی نسل کشی اور لبنان و شام کی خود مختاری و جغرافیائی سالمیت کے خلاف جارحیت پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کے بھیانک جرائم پر متعلقہ عالمی اداروں کی پراسرار خاموشی کی بھی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے، اس سفاک صیہونی رژیم کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کے نفاذ اور اقوام متحدہ و اس کے ذیلی اداروں سے صیہونی رژیم کی بے دخلی سمیت سفاک صیہونی حکام کے مواخذے کا مطالبہ کیا۔