اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی چینل 12 نے انکشاف کیا ہے کہ غاصب صہیونی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے عدالت میں اپنی پیشی کو مزید ڈھائی ماہ کے لئے ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس بارے صہیونی اخبار یدیعوت احرونوت (Yediot Aharonot) نے بھی اعلان کیا ہے کہ نیتن یاہو نے جنگ میں مصروف ہونے کے بہانے، اپنے خلاف جاری بدعنوانی کے سنگین مقدمات میں اپنی پیشی کو موخر کرنے کی درخواست دی ہے۔ قبل ازیں معروف صہیونی اخبار ہآرٹز نے خبر دی تھی کہ بنجمن نیتن یاہو اپنے خلاف بدعنوانی کے سنگین مقدمات کی سماعت ملتوی کرنے کی کوشش میں ہے۔ اس اخبار کا لکھنا تھا کہ نیتن یاہو کے مقدمے کی نئی سماعت 11 دسمبر کو ہونے والی ہے لیکن وہ اس سماعت کے انعقاد میں تاخیر کا خواہاں ہے۔ ہآرٹز نے لکھا کہ نیتن یاہو ان مقدمات میں اپنی پیشی کو تیار ہی نہیں لہذا اب وہ اپنی رہائش گاہ پر ہونے والے ڈرون حملے کو اپنی پیشی ملتوی کروانے کے لئے نئے بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے یہ جواز پیش کر رہا ہے کہ حزب اللہ لبنان، اس مقدمے کی سماعت کے دوران مقبوضہ قدس میں واقع مرکزی عدالت کی عمارت کو نشانہ بنانے کے لئے کسی دوسرے ڈرون کا استعمال بھی کر سکتی ہے!
اطلاعات کے مطابق نیتن یاہو کو 1000، 2000 اور 4000 کے نام سے مشہور بدعنوانی کے متعدد سنگین مقدمات کا سامنا ہے۔