0
Tuesday 5 Nov 2024 21:25

علم فقط معلومات جمع کرنے کا نام نہیں، ڈاکٹر حسن قادری

علم فقط معلومات جمع کرنے کا نام نہیں، ڈاکٹر حسن قادری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ علم معلومات جمع کرنے کا نام نہیں۔ خواتین کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا ویمن امپاورمنٹ ہے۔ علم کردار عمل میں ڈھلنے سے نفع دیتا ہے۔ اساتذہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی ٹولز بروئے کار لائیں۔ علم کے بغیر کسی قوم نے ترقی کی اور نہ کر سکے گی۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے خواتین کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کیلئے منہاج ویمن کالج جیسے مثالی ادارے قائم کئے جو پسماندہ اضلاع کی بیٹیوں کیلئے سستی اور معیاری تعلیم کا ذریعہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ میں "حصول علم اور اعمالِ صالح کی اہمیت" کے موضوع پر منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ؐ کے عہد میں اور خلفائے راشدین کے دور میں خواتین کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ علم حدیث کے فروغ میں امہات المومنین کا کردار مثالی ہے۔ جو سوچ خواتین کی تعلیم و تربیت کے راستے کی رکاوٹ ہے اس سوچ کا قرآن و سنت کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ خواتین کو کمزور اور پسماندہ رکھنا بیمار سوچ ہے۔ تعلیم کا بنیادی مقصد اخلاق و کردار سنوارنا اور سوسائٹی کیلئے نفع بخش بننا ہے۔ بدقسمتی سے ڈگریوں کو فقط روزگار کا ذریعہ بنا لیا گیا۔ علم وہ روشنی ہے جس سے ظلمت و جہالت کے اندھیرے ختم ہوتے ہیں۔ فی زمانہ تعلیم یافتہ، خوشحال، مہذب اور پُرامن سوسائٹی کی تشکیل کیلئے خواتین کو تعلیم دینا ہو گی۔ تربیتی نشست میں پرنسپل منہاج کالج برائے خواتین آفتاب خان قادری، ڈاکٹر شفاقت بغدادی، خالد یمنی، ڈاکٹر نور الزمان نوری، الطاف رندھاوا، ڈاکٹر غلام احمد خان، حمیرا ناز، عتیقہ علوی، ڈاکٹر یاسمین ظفر، ام حبیبہ اسماعیل، ڈاکٹر جویریہ حسن، عروسہ انور اور دیگر اساتذہ کرام، سٹاف ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1170940
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش