اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ "انٹونی بلنکن" نے ایک ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے عراقی وزیراعظم "محمد شیاع السوڈانی" سے غزہ و لبنان میں جنگ کے اختتام کے ممکنہ منظرنامے پر بات چیت کی۔ اس موقع پر انٹونی بلنکن نے علاقائی کشیدگی میں عراق کے شامل نہ ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عراقی حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنی سرزمین سے ہونے والے حملوں کو کنٹرول کرے۔ انہوں نے کہا کہ عراق، امریکی ملازمین کی حفاظت اور ان حملوں میں ملوث کرداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ اس ٹیلیفونک رابطے میں فریقین نے علاقائی مسائل پر مشاورت اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مضبوط بنانے کے لئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ غزہ و لبنان میں جنگ کے خاتمے کے حوالے سے انٹونی بلنکن کے بیانات محض ایک دکھاوا ہیں کیونکہ امریکہ ایک سال سے جاری اس اشتعال انگیزی میں صیہونی رژیم کے اصلی و بنیادی حامی کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے۔ نیز امریکہ، اسرائیل کی سیاسی و مالی حمایت کے علاوہ اسے اسلحہ و بارود بھی فراہم کر رہا ہے۔ دوسری جانب عراق کا استقامتی بلاک گزشتہ ایک سال سے غزہ و لبنان کی حمایت میں اکثر صیہونی اہداف پر ڈرون حملے کرتا رہتا ہے۔