اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرینہ چوک اور ایف نائن منصوبوں کا سنگ بنیاد اسلام آباد اور گرد و نواح کی خوشحالی و ترقی کے منصوبوں کا آغاز ہے۔ جناح ایونیو نائنتھ ایونیو انٹرسیکشن اور سرینہ چوک کنونشن سینٹر انٹرسیکشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او کے کامیاب انعقاد پر نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات و نشریات اور سکیورٹی اداروں سمیت تمام شراکت داروں کا شکرگزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنا کر اسے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جا سکتا ہے، ایف نائن اور سرینہ چوک پر دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ ایف نائن فلائی اوور کا منصوبہ 6 ماہ میں مکمل ہونا تھا اب 3 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، اسی طرح سرینہ چوک کا منصوبہ 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کو تیزی سے منصوبوں کی تکمیل پر سراہتا ہوں، انہوں نے پنجاب والا اپنا ریکارڈ برقرار رکھا ہوا ہے۔