اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سی ٹی ڈی کو جدید ترین اسلحہ اور ٹیکنالوجی فراہم کردی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے فیوژن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران یعقوب اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پولیس نے سی ٹی ڈی فیوزن سینٹر کے حوالے سے وزیراعلی سندھ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ نے گزشتہ سال سی ٹی ڈی کے فیوژن سینٹر کے قیام کے کیلئے 772 ملین روپے منظوری کئے تھے، پروجیکٹ قومی ادارے این آر ٹی سی نے مکمل کیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروجیکٹ سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے آف لائن اور آن لائن ڈیٹا بیس کو مربوط کیا جا ہا ہے، فیوزن سینٹر جدید آلات اور گیجٹری سے لیس فیصلہ سازی میں مدد کرتا ہے۔
وزیراعلی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں شدت پسندی میں ملوث افراد اور گروہوں کا سدباب کرنا ہوگا۔ مراد علی شاہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس خاص طور پر سی ٹی ڈی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے سی ٹی ڈی کو جدید ترین اسلحہ اور ٹیکنالوجی فراہم کردی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی جذبے سے کام کرنے پر سندھ پولیس کے تربیت یافتہ جوانوں پر فخر ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے سندھ پولیس کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پولیس جوانوں نے فرض کی ادائیگی میں بیمثال قربانیں دی ہیں، سندھ پولیس کا غیر متزلزل عزم اور ہمت قابلِ ستائش ہے۔ سید مراد علی شاہ نے پولیس کے ساتھ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن و امان کی بحالی میں محنتوں کی تعریف کی۔